فیصل آباد :مبینہ مقابلے ، 3بھائیوں سمیت 4ملزم ہلاک
فیصل آباد،جڑانوالہ ،سمندری(سٹی رپورٹر، نمائندگان دنیا )فیصل آباد کے 2مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 حقیقی بھائیوں سمیت 4 اشتہاری ملزم ہلاک ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقے میں ڈکیتی کے بعدملزم فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع پر ایس ایچ او احمد عمار نے ایلیٹ فورس اور ڈولفن ٹیم کے ہمراہ بروقت ناکہ بندی کے بعد ملزموں کا تعاقب شروع کر دیا جس پر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی تو پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجہ میں 3 اشتہاری ڈاکو مدثر، سلیم اور اخلاق مارے گئے جبکہ ان کے 4ساتھی فرار ہو گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک تینوں ڈاکو حقیقی بھائی تھے ۔ ادھر سمندری میں تھانہ سٹی کے علاقہ میں سی سی ڈی صدر ڈویژن کی ٹیم پر بائی پاس470گ ب کے قریب 5 افراد نے فائرنگ کر دی اور جوابی کارروائی میں ایک ملزم عامر علی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے ، ہلاک ملزم بدنام زمانہ ڈکیت تھا جوپولیس کو رہزنی و ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا ،پولیس نے دونوں واقعات میں فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔