گلبرگ آتشزدگی کا مقدمہ درج، 2 نامزد ملزم گرفتار
دیگر 3 نامزد ملزموں فضیل احمد، ندیم مرزا، عاطف کی تلاش کیلئے چھاپے جاری ہوٹل انتظامیہ نے غیرقانونی بوائلر نصب کرکے گیس سپلائی کی تھی،ایف آئی آر
لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہورکے علاقے گلبرگ کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی کا مقدمہ ہوٹل کے مالک سمیت 6افراد کیخلاف درج کر لیا گیا۔ مقدمہ سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹرکی مدعیت میں درج کیاگیا۔مقدمے میں نامزد 2 ملزموں کامل اور بلال کو گرفتار کر لیاگیا۔پولیس کا کہنا ہے دیگر 3 نامزد ملزموں فضیل احمد، ندیم مرزا، عاطف کی تلاش کیلئے چھاپے جاری ہیں۔ آگ لگنے کی تکنیکی تفتیش اور فرانزک کا عمل جاری ہے ۔واقعہ کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے بیسمنٹ میں غیرقانونی بوائلر نصب کرکے گیس سپلائی کی تھی،بوائلر پھٹنے اور گیس لیکیج سے ہوٹل میں آگ لگی،بوائلر آپریٹر ناتجربہ کار تھا،ہوٹل تاحال سیل ہے ۔ریسکیو حکام کے مطابق ہوٹل کی بلڈنگ میں لگنے والی آگ کی بنیادی وجہ بوائلرگیس لیکیج ہے ۔