گوجرانوالہ:6مبینہ مقابلے ، ایک ڈاکو ہلاک ، 5 زخمی، گرفتار
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)مختلف علاقوں میں 6مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 5 ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ۔
پولیس کے مطابق ملزم طاہر تھانہ سول لائن میں راہزنی مقدمہ میں ریمانڈ پر تھا۔ دوران حراست فرار کی کوشش پر اسکے 6نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گئے ۔تھانہ جناح روڈ کے علاقے میں پولیس ناکہ پر تین موٹر سائیکل سوار ملزموں کی فائرنگ کر کے فرار کی کوشش،تعاقب پرملزم آکاش اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم تھانہ سول لائن میں راہزنی مقدمہ میں ریمانڈ پر تھا اور ساتھیوں کی مدد سے پولیس حراست سے فرار ہوا تھا۔تھانہ دھلے کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ملزم امیر حمزہ ناکہ سے فرار ہوتے بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
ملزم ڈکیتی چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا جس سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقے میں منشیات فروش سفیان پولیس ناکہ سے فرار ہوتے روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس سے 1540 گرام چرس برآمد ہوئی۔تھانہ دھلے پولیس نے منشیات فروش منصب کو ناکہ سے فرار ہوتے ڈیوائیڈر کی ٹکرسے زخمی حالت میں قابوکر لیاجس سے 1540 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے منشیات فروش اویس کو ناکہ سے فرار ہوتے کھمبے کی ٹکرپر زخمی حالت میں گرفتار کر کے 12 کلو چرس برآمد کر لی ، تاہم اسکا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔