مبینہ مقابلے ، فیکٹری مالک قتل میں ملوث ملزم سمیت 4 ہلاک

 مبینہ مقابلے ، فیکٹری مالک قتل میں ملوث ملزم سمیت 4 ہلاک

لاہور،خانقاہ شریف،مسافر خانہ ،رحیم یار خان (کرائم رپورٹر ،نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )سندھ وپنجاب کے سرحدی علاقے مسافر خانہ میں مبینہ پولیس مقابلے ،سنگین جرائم میں ملوث 4 ملزم مارے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں مبینہ مقابلہ کے دوران لاہور کی معروف سائیکل کمپنی کے مالک کو قتل کرنے کے کیس میں مطلوب مرکزی ملزم نعمان قیصر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، فائرنگ کے تبادلہ میں پولیس کی گاڑی کوجزوی نقصان پہنچا، ہلاک اورفرا ر ملزم کے خلاف سندھ کے تھانہ اوباڑو میں ایس ایچ اوکی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی شناخت نامعلوم رکھی گئی۔ واضح رہے نعمان قیصر نے خانگی تنازع پر کرائے کے قاتل کے ذریعے اپنے سابقہ بہنوئی ونجی سائیکل کمپنی مالک کے بیٹے معاذ کو مبینہ طورپر2023 ء میں قتل کروایا تھا،ملوث 2شوٹرز کو عدالت پہلے ہی عمر قید کی سزا سنا چکی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نعمان ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ایک بار پھر بیرون ملک فرار کیلئے سندھ کے راستے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ دریں اثناء  

بہاولپور کے تھانہ مسافر خانہ کی حدود میں پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں اغوا، زیادتی اور قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث 3 اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ، پولیس ٹیم نے مطلوب ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو ان کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی ،پولیس نے بھی جوابی کارروائی کے بعد سرچ آپریشن کیا تو 3 ملزم شدید زخمی حالت میں پائے گئے ،زخمی ملزموں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھاکہ وہ دم توڑ گئے ،ہلاک ملزموں کی شناخت ارسلان،عتیق الرحمن اور فیاض کے نام سے ہوئی ہے ، ملزموں کے ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں