جیکب آباد:راکٹ حملے میں چچا بھتیجی جاں بحق،2افراد زخمی

جیکب آباد:راکٹ حملے میں چچا بھتیجی جاں بحق،2افراد زخمی

گڑھی خیرو کے علاقے دودا پور میں واقعہ، جدید اسلحے سے فائرنگ بھی کی گئی ورثاکا لاشوں کے ہمراہ دھرنا، سڑک بلاک کردی، 2ملزم گرفتار کرلئے گئے

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)گڑھی خیرو میں راکٹ لانچر سے حملہ، چچا اور بھتیجی قتل، خاتون سمیت دو افراد زخمی، ورثاء کا دھرنا،2ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو کے دوداپور تھانے کی حدود گاؤں محمد ملوک لوہر پر نامعلوم مسلح افراد نے راکٹ اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں چچا اور بھتیجی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ  خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں  چچا صدام حسین اور بھتیجی ساجدہ لوہر شامل ہیں جبکہ محمد حنیف لوہر سمیت ایک خاتون زخمی ہو ئی ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے ، واقعے کے خلاف ورثاء اور اہل علاقہ نے سردار طارق جاوید لوہر کی قیادت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے جیکب آباد گڑھی خیرو روڈ حسین آباد کے مقام پر دھرنا دیا۔

جس سے ٹریفک معطل ہو گئی، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کوفی لفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، پولیس کا کہنا ہے کہ2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، مزید ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور جلد مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی، اس موقع پر سردار طارق جاوید لوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے 2ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے مزید ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں