مبینہ مقابلے ، 5 ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار
کامونکے میں ناکے سے فرار عمار ، گلفام کی انڈرپاس سے ٹکراکر ٹانگیں ٹوٹ گئیں
گوجرانوالہ، کامونکے ،نوشہرہ ورکاں (کرائم رپورٹر، نامہ نگار،نمائندہ دنیا )مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ تھانہ سٹی کامونکے کے اے ایس آئی شاہد لطیف نے ٹیم کے ہمراہ دربار بابا بھولا پیر سٹاپ کے قریب ناکہ لگاکر موٹر سائیکل سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی جنہوں نے فائرنگ کرکے فرار ہونا چاہا۔ پولیس نے تعاقب جاری رکھا تو تیز رفتاری کے باعث ملزموں کی موٹر سائیکل انڈر پاس میں رکاوٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں ، ملزموں کی شناخت فیصل ٹاؤن کے عمار اور محلہ رسولنگر کے گلفام کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے جنہیں علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔
تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقہ میں پولیس نے چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزم سفیان عرف بھالو کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا تو اس نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش میں اوور ہیڈ برج سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا اور پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔تھانہ کوٹ لدھا کے علاقہ میں ایک اور پولیس مقابلہ کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم قاسم طاہر نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش میں گر کر زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا ۔نوشہرہ ورکاں پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام مرتضیٰ نے ملزم زکریا کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزم نے فرار ہونے کی کوشش میں چھت سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں اس کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی، پولیس نے زخمی حالت میں حراست میں لے کر 680 گرام چرس برآمد کرلی ۔