5 کروڑکا مبینہ بینک فراڈ ، کیشئر سمیت 2 ملزم گرفتار
ایف آئی اے کی ٹیم نے طاہر محمود اور عبدالرزاق کو پکڑا، ریکارڈ قبضے میں لے لیا رہن رکھوائے سونے کی جانچ کے دوران سونا غائب ،مزید حقائق سامنے آنے کا امکان
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے پنجاب پروونشل کوآپریٹو بینک (PPCBL) کی ماموں کانجن برانچ میں گولڈ فنانس سکیم سے متعلق مبینہ 5 کروڑ 33 لاکھ 62 ہزار روپے کے فراڈ کیس میں بینک کے کیشئر سمیت دو ملز موں کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل طارق محمود کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے منظور شدہ بینک پینل گولڈ اسمتھ طاہر محمود اور بینک کے کیشئر عبدالرزاق کو حراست میں لیا گیا، جبکہ متعلقہ ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ مقدمہ SHO/سب انسپکٹر اجمل حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 109، 409، 419، 420، 467، 468، 471 اور 477-A شامل کی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق رہن رکھوائے گئے سونے کی جانچ کے دوران 17 تھیلے ، جن میں تقریباً 508 گرام سونا موجود تھا، غائب پائے گئے ۔ مزید یہ کہ 36 کیسز میں تقریباً 1,376.5 گرام مکمل جعلی سونا، 6 کیسز میں تقریباً 244 گرام جزوی جعلی سونا اور 48 کیسز میں تقریباً 1,742.5 گرام کم وزن سونا برآمد ہوا۔ایف آئی اے کے مطابق مجموعی طور پر 4,056 گرام (تقریباً 348 تولہ) جعلی یا کم وزن سونا سامنے آیا، بینک کو تقریباً 5 کروڑ 33 لاکھ 62 ہزار روپے کا مالی نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments