کراچی: ماں اور 3بچوں کا قتل، مقدمہ درج، 8رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل
بہو، پوتیوں اور پوتے کو تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا، مدعی کا دعویٰ واقعہ ڈکیتی مزاحمت نہیں، ذاتی رنجش کا لگتا ہے : پولیس، مقتولہ کا شوہر، پڑوسی شامل تفتیش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کے قتل کا مقدمہ تھانہ سرجانی ٹاؤن میں مقتولہ مہوش کے سسر محمد یامین کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ مدعی کے مطابق اس نے 10، 12 سال قبل اپنے بیٹے دانش کی شادی مہوش سے کی تھی، جن کے 3 بچے 8 سالہ مرہا، 6 سالہ حسنین اور ڈھائی سالہ اشمیرہ تھے ۔ گزشتہ شام دانش نے فون پر اطلاع دی کہ مہوش اور 2 بچوں کو کسی نے قتل جبکہ اشمیرہ کو زخمی کردیا ہے ۔ گھر پہنچنے پر پولیس موجود تھی، لاشوں اور زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اشمیرہ بھی دوران علاج دم توڑ گئی۔مدعی نے دعویٰ کیا کہ نامعلوم شخص یا افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کی بہو، پوتیوں اور پوتے کو تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کیا۔دوسری جانب ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر اور پڑوسی سمیت 8 سے زائد افراد کے بیانات لئے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں بلکہ ذاتی رنجش کا لگتا ہے ۔ مقتولہ کے شوہر کے بھائی، پڑوسی اور واقعے کی اطلاع دینے والے شخص کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے مطابق چاروں افراد کی موت سر پر چوٹیں لگنے سے ہوئی۔ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعے کی تحقیقات کیلئے 8 رکنی ٹیم تشکیل دے دی، جس کی سربراہی ایس ایس پی ویسٹ کریں گے ۔ ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سرجانی بھی شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کو ٹیکنیکل بنیادوں پر فوری پیش رفت اور ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments