ٹھیکریوالا:سی سی ڈی کا مبینہ مقابلہ،ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک
دو موٹر سائیکلوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) تھانہ ساندل بار کے علاقے لنڈا پل چننکے کے قریب سی سی ڈی اور مشکوک موٹر سائیکل سواروں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم 50 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ جائے وقوعہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔سی سی ڈی کے ایس ایچ او فاروق ناظر اپنی ٹیم کے ہمراہ لنڈا پل چننکے کے قریب ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔دوطرفہ فائرنگ کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں ملا، جبکہ اس کے تین ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت اعظم عرف بلی سکنہ چک نمبر 296 ر ب، یاسر ٹاؤن فیصل آباد کے نام سے ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments