حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے، حکومتی اور ارکان کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

حکومت اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کمیٹی پی ٹی آئی قیادت سے موجودہ سیاسی صورت حال پر مذاکرات کرے گی، حکومتی کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہیں۔

اس سلسلہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کیے جائیں گے۔

ایوان صدر میں اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔

دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا ہے، حکومتی اور اپوزیشن وفود کی آج دن 12 بجے سپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ملاقات ہوگی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی ہے کہ گورنر راج یا ایمرجنسی نہيں لگے گی، اگر ایسا ہوا تو حالات مزید خراب ہوجائيں گے اور تحریک انصاف ہر آپشن استعمال کرے گی ، تاہم فی الحال قومی اسمبلی سے استعفوں کا فیصلہ نہيں ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...