ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5، فضل حق فاروقی سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے

دبئی: (سید مدثر خوشنود) ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی پلیئر نیلامی میں بڑے ناموں اور ریکارڈ ساز بولیوں نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کر لی، جہاں افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی سب سے مہنگے کھلاڑی بن کر سامنے آئے۔

ایم آئی ایمریٹس نے فاروقی کو 3 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر میں حاصل کیا، جس کے ساتھ انہوں نے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی نیلامی کی سابقہ سب سے بڑی بولی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

نیلامی میں انگلینڈ کے لیام لیونگ اسٹون کو گلف جائنٹس نے 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر میں حاصل کیا، جبکہ رحمان اللہ گرباز کو گلف جائنٹس نے رائٹ ٹو میچ کے ذریعے 3 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی 3 لاکھ ڈالر میں دبئی کیپٹلز میں شامل ہوئے۔ نیلامی کے موقع پر ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کے ایمبیسیڈر بریٹ لی کے ساتھ اے بی ڈی ویلیئرز، ایلن ڈونلڈ، شعیب ملک اور عثمان خواجہ بھی موجود تھے۔

پاکستانی شائقین کے لیے اہم خبر یہ رہی کہ بابر اعظم، نسیم شاہ، فخر زمان اور شاداب خان ڈیزرٹ وائپرز کا حصہ بن گئے۔ چاروں پاکستانی اسٹارز کو 80 ہزار ڈالر کی بیس پرائس پر حاصل کیا گیا۔ بابر اعظم سیزن 5 میں ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں اپنا ڈیبیو کریں گے، جبکہ نسیم شاہ اور فخر زمان دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ ایک اور مہم کے لیے واپس آئے ہیں۔

یو اے ای کے کھلاڑیوں پر بھی فرنچائزز نے بھرپور اعتماد ظاہر کیا۔ محمد وسیم آئی ایل ٹی ٹوئنٹی نیلامی کی تاریخ کے مہنگے ترین یو اے ای کھلاڑی بن گئے، جنہیں ایم آئی ایمریٹس نے رائٹ ٹو میچ کے ذریعے 2 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں حاصل کیا۔ علی شان شرافو کو ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز نے 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر، محمد روہید کو 95 ہزار ڈالر، جبکہ آیان خان کو دبئی کیپٹلز نے 95 ہزار ڈالر میں حاصل کیا۔

ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑی بھی نیلامی میں نمایاں رہے۔ امریکا کے امشی ڈی سلوا کو ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز نے 1 لاکھ ڈالر، حسن خان کو دبئی کیپٹلز نے 90 ہزار ڈالر، اسکاٹ لینڈ کے برینڈن میک مولن کو شارجہ واریئرز نے 80 ہزار ڈالر، جبکہ نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے کو گلف جائنٹس نے 70 ہزار ڈالر میں حاصل کیا۔ گلف جائنٹس، ایم آئی ایمریٹس، دبئی کیپٹلز، شارجہ واریئرز، ڈیزرٹ وائپرز اور ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز نے نیلامی میں اپنے اسکواڈز کو مضبوط بنانے کے لیے اہم خریداری کی۔

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی نیلامی نے واضح کر دیا کہ لیگ عالمی اسٹارز کے ساتھ ساتھ یو اے ای اور ایسوسی ایٹ کرکٹ کے کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ ریکارڈ بولیوں، پاکستانی اسٹارز کی شمولیت اور مقامی ٹیلنٹ پر بھاری سرمایہ کاری نے سیزن 5 کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے، جس میں شائقین کو تیز رفتار کرکٹ، بڑے ناموں اور سخت مقابلوں کی توقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...