بھارت میں گدھے کے نام پر نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں نرسنگ رجسٹریشن کے آن لائن نظام کی جانچ کے دوران ایک ایسا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر گدھے کی تصویر اور جعلی دستاویزات کے ذریعے اس کے نام پر عارضی نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش نرسز رجسٹریشن کونسل کے آن لائن پورٹل اور دستاویزات کی جانچ کے نظام کو آزمانے کے لیے این ایس یو آئی کے ریاستی نائب صدر روی پرمار نے مبینہ طور پر یہ تجربہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے کونسل کے آن لائن پورٹل پر امیدوار کی تصویر کے بجائے ایک گدھے کی تصویر اپ لوڈ کی، جبکہ نرسنگ کی حقیقی تعلیمی قابلیت کے بغیر جعلی دستاویزات بھی درخواست کے ساتھ منسلک کر دیں، درخواست میں امیدوار کے والد کے نام کے خانے میں بھی ’Donkey Father‘ ۔درج کیا گیا
اس کے باوجود فیس کی ادائیگی کے بعد آن لائن نظام نے مبینہ طور پر کسی مؤثر تصدیق کے بغیر اسی درخواست پر عارضی نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔
واقعے کی تصاویر اور تفصیلات سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارت میں نرسنگ کے تعلیمی اور رجسٹریشن نظام میں موجود تصدیقی طریقۂ کار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق معاملہ سامنے آنے کے بعد مدھیہ پردیش نرسز رجسٹریشن کونسل نے اضافی سسٹم ویریفکیشن چیکس نافذ کیے جانے تک رجسٹریشن کا عمل عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments