اے آئی سے ٹریفک اہلکار کے قتل کا طریقہ پوچھنا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اپنے والد کی مبینہ توہین کا بدلہ لینے کیلئے ٹریفک اہلکار کے قتل کا طریقہ کار اے آئی سے پوچھنے والے نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا۔
ذرائع کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے نوجوان کی آن لائن سرگرمیوں سے متعلق این سی سی آئی اے کراچی کو آگاہ کیا، جس کے بعد این سی سی آئی اے نے نوجوان کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے حکام نے نوجوان سے تفصیلی پوچھ گچھ کی۔ دورانِ تفتیش نوجوان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایک فرضی کرائم اسٹوری کی اسکرپٹنگ کے لیے اے آئی سے مدد لے رہا تھا اور اسی سلسلے میں اس نے ٹریفک اہلکار کے قتل کے طریقہ کار سے متعلق سوال کیا تھا۔
نوجوان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس کے والد کی توہین کا حقیقت میں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا اور یہ صورتحال فرضی کرائم کہانی کا حصہ تھی۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے تفصیلی پوچھ گچھ اور معاملے کی جانچ کے بعد نوجوان کو رہا کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments