آئی ایل ٹی ٹوئنٹی: ڈیزرٹ وائپرز میں سٹار کرکٹرز کی شمولیت، پاکستانی شائقین پُرجوش

دبئی: (سید مدثر خوشنود) پاکستانی شائقین کے لیے ڈیزرٹ وائپرز اب سیزن 5 کی سب سے زیادہ دلچسپی والی ٹیم بن گئی ہے، جہاں بابر اعظم کی کلاسیکل بیٹنگ، فخر زمان کی جارحانہ اوپننگ، نسیم شاہ کی رفتار اور شاداب خان کی آل راؤنڈ صلاحیت ایک ہی اسکواڈ میں نظر آئے گی۔

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی پلیئر نیلامی میں پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے بڑا لمحہ سامنے آیا، جہاں بابر اعظم، نسیم شاہ، فخر زمان اور شاداب خان دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کا حصہ بن گئے، جبکہ پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور سابق کپتان شعیب ملک کی نیلامی تقریب میں موجودگی نے ایونٹ کی رونق مزید بڑھا دی۔

شعیب ملک کرکٹ کے ان نمایاں ناموں میں شامل رہے جنہوں نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی نیلامی کو اسٹار پاور دی، ان کے ساتھ بریٹ لی، اے بی ڈی ویلیئرز، ایلن ڈونلڈ اور عثمان خواجہ جیسے بڑے کرکٹ چہرے بھی موجود تھے، شعیب ملک کی موجودگی پاکستانی کرکٹ کے عالمی اثر و رسوخ اور یو اے ای کی فرنچائز کرکٹ میں پاکستان کے مضبوط تعلق کی اہم علامت سمجھی جا رہی ہے۔

نیلامی میں بابر اعظم، نسیم شاہ، فخر زمان اور شاداب خان کو 80 ہزار امریکی ڈالر کی بیس پرائس پر ڈیزرٹ وائپرز نے حاصل کیا، بابر اعظم اس سیزن میں پہلی بار ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کا حصہ بنیں گے، جس سے لیگ کی بیٹنگ اسٹار پاور میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، نسیم شاہ اور فخر زمان دفاعی چیمپئن اسکواڈ میں واپس آئے ہیں، جبکہ شاداب خان کی شمولیت نے ٹیم کو اسپن، فیلڈنگ اور آل راؤنڈ آپشنز میں مزید مضبوط بنا دیا ہے۔

نیلامی میں عالمی کھلاڑیوں پر بھی بھاری بولیاں لگیں، جہاں افغانستان کے فضل حق فاروکی 3 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے ساتھ سب سے مہنگے کھلاڑی بنے۔ انگلینڈ کے لیام لیونگ اسٹون کو گلف جائنٹس نے 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر، رحمان اللہ گرباز کو 3 لاکھ 10 ہزار ڈالر اور فاف ڈو پلیسی کو دبئی کیپٹلز نے 3 لاکھ ڈالر میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔

یو اے ای کرکٹ کے لیے بھی یہ نیلامی تاریخی رہی، جہاں محمد وسیم آئی ایل ٹی ٹوئنٹی تاریخ کے مہنگے ترین اماراتی کھلاڑی بن گئے۔ ایم آئی ایمریٹس نے انہیں رائٹ ٹو میچ کے ذریعے 2 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں حاصل کیا، جو مقامی ٹیلنٹ پر فرنچائزز کے بڑھتے اعتماد کی واضح مثال ہے۔

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سیزن 5 کی نیلامی نے ثابت کیا کہ یہ لیگ عالمی کرکٹ اسٹارز، پاکستانی ٹیلنٹ، اماراتی کھلاڑیوں اور ایسوسی ایٹ ممالک کے کرکٹرز کے لیے ایک بڑا بین الاقوامی پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ شعیب ملک کی موجودگی، بابر اعظم کا ڈیبیو، نسیم شاہ کی رفتار، فخر زمان کی پاور ہٹنگ اور شاداب خان کی آل راؤنڈ صلاحیت نے اس سیزن کو پاکستانی شائقین کے لیے مزید خاص بنا دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...