اللہ پاک ہمیں سرکار دو عالمﷺ کی سیرت پر عمل کرنیکی توفیق عطا فرمائے: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر دعوت اسلامی کے عالمی مرکزفیضان مدینہ گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حضور اقدس رسول پاکﷺ کا میلاد مدنی مرکزمیں بڑی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، آج کے دن آپ کے درمیان ہونا میرے لئے باعث سعادت ہے، آپﷺ کی آمدنے ہر جانب سچ کا بول بالاکردیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دعوت اسلامی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اسلامی تعلیمات کا اہم مرکز ہے، دعوت اسلامی ایک نمایاں بین الاقوامی تبلیغی تنظیم ہے، دعوت اسلامی کے کارکن کم و بیش 200 ممالک میں موجود ہیں، دعوت اسلامی 100 سے زائد شعبہ جات میں اسلام کی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ دعوت اسلامی اصلاحی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے، سندھ میں آنے والے ہولناک سیلاب کے دوران دعوت اسلامی نے متاثرین کی دل کھول کر مدد کی، مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی کا ایک بہترین منشور ہے، روزمحشر آپﷺ اپنے امتیوں پر خاص کرم فرمائیں گے، آج ہمیں پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور امن و امان کی بحالی کی دعائیں مانگی چاہئیں، اللہ پاک آپﷺ کے صدقے ہم سب کی گناہوں کی بخشش فرمائے اور ہمیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اللہ پاک ہمیں سرکار دو عالمﷺ کے سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کے ساتھ بیٹھ کر علامہ الیاس قادری کے درس میں شرکت کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں