غزہ کے عوام کیخلاف بھوک کا ہتھیار استعمال کرنا انسانیت کی توہین ہے: مصری صدر

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ فلسطینیوں بالخصوص غزہ کے رہائشیوں کے خلاف بھوک کے ہتھیار کا استعمال انتہائی خطرناک اور انسانیت کی توہین ہے۔

قاہرہ کے صدارتی محل میں اپنے جرمن ہم منصب فرینک والٹر سٹین میئر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس معاملے نے انسانی حقوق کی اقدار کی ساکھ اور خیال پر گہرے اثرات ڈالے ہیں، غزہ میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انسانیت کی صریح خلاف ورزی کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ پوری دنیا کے سامنے ہو رہا ہے۔

مصری صدر کا کہنا تھا کہ غزہ کی جنگ میں 40,000 افراد مارے گئے جن میں سے دو تہائی بچے اور خواتین ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے گا۔

صدر السیسی نے غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے اور قیدیوں کی رہائی کے لئے جامع طریقہ کار تلاش کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ یورپ کے لیے اس مرحلے پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آخری حد تک کوشش کرنا بہت ضروری ہے تاکہ برسوں سے حل طلب مسئلہ فلسطین کا حل تلاش کیا جا سکے۔

اس موقعے پرجرمن صدر فرانک سٹین مائر نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور تشدد کے خاتمے کے لئے مصر کے کردار کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں