بھارت:احتجاج جاری،کسانوں کے حامی سکھ رہنما کی خود کشی
مودی سرکار کی زرعی اصلاحات کے خلاف بھارتی کسانوں کااحتجاج 21ویں روز بھی جاری رہا
نئی دہلی(مانیٹرنگ سیل ،ایجنسیاں) کسان رہنماؤں کامظاہروں کے دوران مرنیوالوں کی یاد میں 20دسمبر کو سوگ منانے کا اعلان،تحریک میں شدت آگئی۔کسانوں کے احتجاج کے حامی سکھ مذہبی رہنما نے سنگھو بارڈر کے قریب خودکشی کر لی۔ موت کو گلے لگانے سے پہلے مذہبی رہنما سنت رام سنگھ نے اپنے تحریری نوٹ میں لکھا کہ ان کیلئے کسانوں کی تکلیف برداشت کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ادھر بھارتی سپریم کورٹ نے کسانوں کے احتجاج کے خلاف دائر مختلف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو ڈیڈلاک کے خاتمے کیلئے کسان رہنماؤں اورحکومتی نمائندوں پر مشتمل پینل تشکیل دینے کی تجویزدیدی ۔ سماعت کے دوران بھارتی چیف جسٹس نے قرار دیا کہ اگر حکومت نے کھلے ذہن کیساتھ کام نہ لیا تو کسانوں کیساتھ مذاکرات ناکام ہوتے رہیں گے ۔