حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی کا اعتراف،اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس سربراہ مستعفی

حماس  کا حملہ  روکنے  میں  ناکامی  کا  اعتراف،اسرائیلی  ملٹری انٹیلی جنس  سربراہ  مستعفی

غزہ ،یروشلم (رائٹرز،دنیا مانیٹرنگ) 7اکتوبر 2023کو جنوبی اسرائیل میں حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے صیہونی ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ احرون حلیوا نے استعفیٰ دے دیا ۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسزنے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ حلیوا نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ گزشتہ سال حماس کے غیرمتوقع حملے پراپنی قائدانہ ذمہ داری میں ناکامی کے بعد کیا ۔بیان میں کہا گیا کہ ان کے جانشین کی تقرری کے بعد حلیواآئی ڈی ایف سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ حلیوانے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے روکنے میں ناکامی کی ذمے داری قبول کی تھی۔حملے کے بعد وہ مستعفی ہونے والی اعلیٰ ترین شخصیت ہیں۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں 1200 اسرائیلی ہلاک جبکہ حماس نے 250 افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔اسرائیل کے صدراسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ برائی کی جڑ ایران کا مقابلہ کرنے کیلئے نیٹو آگے آئے ،انہوں نے یورپی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ایران کا مقابلہ کرنے کیلئے متحدہ ہوکر اُٹھ کھڑے ہونے کا وقت آگیا ہے ۔اسرائیلی صدر نے جرمنی کے ’’ایکسل اسپرنگر‘‘ نیٹ ورک کو انٹرویو میں شکوہ کیا کہ یورپی ممالک کے رہنما ایران کی طرف سے لاحق خطرات کو سمجھ نہیں پا رہے ۔ایران یوکرین جنگ میں روس کو ہزاروں ڈرونز فراہم کر رہا ہے ۔ نیٹو ممالک اس برائی کی جڑ (ایران) کا ابھی مقابلہ نہیں کریں گے تو یورپ کا مستقبل خطرے میں ہے ۔بارباڈوس کی حکومت نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر خارجہ کیری سیمونڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین کو تسلیم کیے بغیر دو ریاستی حل کی بات کیسے کی جا سکتی ہے ؟ ، فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ اسرائیل کے ساتھ ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کرے گا۔فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے میں کافی دیر کر دی ہے جس کے ازالے کا وقت آگیا ہے ۔لندن سٹی کے میئر صادق خان نے وزیراعظم رشی سونک اور امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں قتل عام رکوانے کیلئے اختیارات کا استعمال کریں، اسرائیل کو اسلحے کی فروخت روکی جائے ۔ادھر برطانوی وزیر اعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادل خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم رشی سونک نے کہابرطانیہ کا حتمی مقصد اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لیے قابل عمل دو ریاستی حل کا حصول ہے ، شاہ عبداللہ نے کہا عالمی برادری غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششیں تیز کرے ۔دریں اثنا گزشتہ 24گھنٹوں میں غزہ بھر میں اسرائیلی حملوں سے 54افراد شہید اور 104زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023سے جاری جنگ میں ابتک 34ہزار151فلسطینی شہید اور 77ہزار 84زخمی ہو چکے ۔نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی حملے سے سات افراد شہید ہوگئے ۔ خان یونس کے ناصر ہسپتال سے اسرائیلی فورسز کے انخلا کے بعد دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں سے بر آمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 283 ہو گئی ہے ۔

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں