اسرائیلی ٹینک رفح میں داخل،دھماکوں کی آوازیں،فلسطینی شہید

اسرائیلی  ٹینک  رفح  میں داخل،دھماکوں  کی  آوازیں،فلسطینی  شہید

غزہ(اے ایف پی ،آئی این پی ،دنیانیوز) اسرائیل کے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہررفح پرجاری حملوں میں 20 افراد شہید ہوگئے ،حزب اللہ نے ڈرون حملہ کرکے 2اسرائیلی فوجی مار دئیے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روز رفح میں فٖضائی حملے کے دوران کم از کم چار رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جس میں بیسیوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ منگل کی صبح اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک رفح شہر میں داخل  ہوگئے ، غزہ اور مصر کی سرحد پر رفح کراسنگ سے موصول ہونے والی فوٹیج میں گولیوں اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور اسرائیلی فوج نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا جس کے باعث بڑی تعداد میں فلسطینی علاقے سے انخلا کر رہے ہیں جبکہ کرم ابو سالم کراسنگ سکیورٹی وجوہات پر بند کردی گئی ہے ۔ یونیسیف نے جبری نقل مکانی اورحملے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں 6 لاکھ بچوں کو لے جانے کے لئے کہیں بھی کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے ۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف یونیورسٹی طلبہ کا احتجاج بیلجیئم اورنیدرلینڈزتک پہنچ گیا ،ڈچ طلبہ نے احتجاج کے دوران گنٹ اور ایمسٹرڈیم کی یونیورسٹیوں کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔ برطانوی دارالحکومت لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ برطانوی حکومت عوامی سطح پر جنگ بندی کا مطالبہ کرے ۔ حماس نے رفح پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جارحیت مذاکرات کو ناکام بنانے اور جنگ بندی معاہدے کی راہ میں ثالثوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے صیہونیوں کے ارادے کو ظاہر کرتی ہے ۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں میجر رینک کے دو ریزرو فوجی افسروں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے جبکہ حزب اللہ نے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرنے کا دعوی کیا ہے جس میں کم سے کم 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے میتولا نامی شمالی قصبے میں اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ اسرائیلی فوج نے ڈرون حملے میں دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ لبنان سے حزب اللہ نے کیا ہے جس کا بدلہ لیں گے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں