بنگلا دیش:کوٹہ سسٹم کیخلاف احتجاج،سرکاری ٹی وی سٹیشن نذر آتش ،32 ہلاک

بنگلا دیش:کوٹہ  سسٹم  کیخلاف احتجاج،سرکاری  ٹی  وی  سٹیشن  نذر آتش ،32 ہلاک

ڈھاکہ (اے ایف پی ،رائٹرز)بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے سرکاری ٹی وی کی عمارت اور بارڈر گارڈز کی گاڑی کو نذر آتش کر دیا ۔

پولیس سے جھڑپوں میں صحافی سمیت 32مظاہرین ہلاک ہوگئے ، کئی روز سے جاری احتجاج میں ڈھائی ہزار سے زیادہ طلبا و شہری زخمی ہوئے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے گزشتہ روز ملک گیر ہڑتال کی کال دی  تھی، جس کے دوران اہم شاہراہیں بلاک کردی گئیں جبکہ ملک میں انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل ہے ۔سرکاری و نجی کالجز، یونیورسٹیز اور سکولز غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دئیے گئے ہیں، ڈھاکہ میں میٹرو سروس بھی معطل کر دی گئی ہے ۔ادھر حکومت نے مظاہرین سے بات چیت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انسانی حقوق کے اداروں، اقوام متحدہ اور امریکا نے بنگلہ دیش میں پُرامن احتجاج کے حق پر زور دیا ہے ۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف کئی روز سے مظاہرے جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں