غزہ :بمباری ،بچوں سمیت 30شہید،قاہرہ مذاکرات بے نتیجہ

غزہ :بمباری ،بچوں سمیت 30شہید،قاہرہ مذاکرات بے نتیجہ

غزہ ،قاہرہ ،یروشلم(اے ایف پی ،رائٹرز، اے پی )غزہ پر اسرائیلی بمباری میں گزشتہ روز خواتین اور بچوں سمیت کم ازکم 30افراد شہید ،70 سے زائد زخمی ہو گئے ۔

صیہونی فوج نے سکولوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا ،اسرائیل کی طرف سے انخلا کے تازہ حکم کے بعد  مریض غزہ کے علاقے دیر البلاح میں الاقصیٰ ہسپتال سے نکل گئے ۔مغربی کنارے میں اسرائیل کے فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید ،بیسیوں زخمی ہو گئے ۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں ایک بار پھر انخلا کے حکم کے بعد انسانی ہمدردی کے کاموں کو شدید دھچکا لگا ہے ۔قاہرہ میں حماس اسرائیل جنگ بندی مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ہی ختم ہوگئے ۔مصری حکام کا کہنا تھا حماس اور اسرائیل نے ثالثوں کی تجاویز پر اتفاق نہیں کیا۔حماس رہنما اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ فوری کرانے کی امریکا کی باتیں غلط اور انتخابی مقاصد کیلئے ہیں۔ جولائی میں منظور کی جانے والی جنگ بندی تجاویز پر قائم ہیں،اسرائیل کی نئی شرائط کو مسترد کرتے ہیں۔امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی مذاکرات آگے بڑھ رہے ۔ ورکنگ گروپ کی سطح پر بات چیت جاری رہے گی۔ مصر کا کہنا ہے کہ وہ غزہ سرحد فلاڈیلفی کوریڈور پر اسرائیلی فوج کی موجودگی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ احاطے میں یہودی عبادت گاہ تعمیر کرینگے ۔انہوں نے مسجد اقصیٰ احاطے میں داخل ہو کر کہا جو بھی قانون یہودیوں کو یہاں آنے سے روکتا ہے وہ نسل پرستانہ ہے ۔امریکی فوجی امداد کی نئی کھیپ اسرائیل پہنچ گئی۔ اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے ابتک امریکا فضائی اور بحری راستوں سے 50 ہزار ٹن سے زائد کا فوجی سامان اسرائیل بھجوا چکا ، امریکی فوجی سامان میں بکتربند گاڑیاں،گولہ بارود اور دفاعی سامان شامل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں