محسن نقوی کی سرفراز بگٹی سے ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیراعظم کی ہدایت پر ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پر زور مذمت کی اور دونوں رہنماؤں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے شہداء کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے، بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امن و امان یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں