کھانا نہ ملنے پر شادی کی تقریب اکھاڑے میں تبدیل، ویڈیو وائرل

قاہرہ: (دنیا نیوز) کھانا نہ ملنے پر شادی کی تقریب اکھاڑے میں تبدیل ہوگئی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

لڑائی کا واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں شادی ہال میں کھانے کے دوران شرکاء کے درمیان دھینگا مشتی اس وقت شروع ہوئی جب مہمان زیادہ ہوگئے اور کھانا کم پڑ گیا، کھانا کم پڑنے پر باراتیوں نے ہنگامہ برپا کر دیا۔

دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر بڑھ چڑھ کر حملے کئے اور خوشی کی تقریب میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔

ایک مہمان نے لوگوں کے درمیان جھگڑے کو ختم کرنے کیلئے آگ بجھانے والے آلے کا استعمال بھی کیا، اس ہنگامہ آرائی کی ایک ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں، یہ مناظر شادی ہال میں لگے خفیہ کیمروں میں محفوظ ہوگئے تھے۔

شرکاء نے ایک دوسرے پر کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیا، اس موقع پر کچھ معززین نے مصالحت کی کوشش کی جس کے بعد ہنگامہ ختم ہوا۔

ایک عینی شاہد نے وضاحت کی کہ اس جگہ دو شادی ہال تھے جس میں شادی کی دو تقریبات جاری تھیں، پہلی تقریب اور دوسری تقریب کے مہمانوں میں سے کچھ کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

جھگڑے کی وجہ یہ تھی کہ پہلی تقریب کا ایک نوجوان دوسرے گروپ کو ہراساں کر رہا تھا، دوسری شادی کی تقریب میں ایک لڑکی کو ہراساں کئے جانے کی شکایت بھی سامنے آئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں