حضرت داتا گنج بخش ؒکے عرس کا آخری روز، زائرین کی بڑی تعداد میں آمد

لاہور : (دنیا نیوز) سیدنا حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 981 ویں عرس کا آج آخری روز ہے۔

داتا صاحبؒ کے عرس میں شرکت کیلئے آج بھی زائرین کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے، عقیدت مندبڑی تعداد میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے چادریں چڑھانے کیلئے داتا دربار پہنچ رہے ہیں۔

عرس میں آنے والے زائرین کیلئے لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، زائرین کی دودھ، نان حلیم، گوشت اور چاولوں سے تواضع کی جارہی ہے جبکہ دودھ کی روایتی سبیل پر زبردست رش نظر آرہا ہے۔

حضرت علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، دربار کی طرف آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا ہے جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جارہا ہے۔

تین روزہ عرس کی تقریبات رات گئے تک جاری رہیں گی، رات 2 بجے خصوصی دعا کے ساتھ تقریبات کا اختتام ہو گا، اختتامی دعا مفتی رمضان سیالوی کرائیں گے جس میں ملکی سلامتی ، استحکام اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

عرس کے موقع پر آج 26 اگست بروز پیر کو لاہور میں عام تعطیل ہے، صوبائی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ کے دفاتر، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

ادھر عرس حضرت علی ہجویریؒ اور چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مناسبت سے مرکزی جلوس کی برآمدگی کیلئے سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹرو بس سروس کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس کو مکمل معطل کر دیا گیا، ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک سپیڈو بس سروس کو بھی محدود کر دیا گیا جبکہ میٹرو اورنج لائن ٹرین کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں