چہلم حضرت امام حسینؓ: کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند

کراچی: (دنیا نیوز) چہلم حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، صدر، کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں سروس بند کردی گئی، کراچی میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ صبح 8 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، حیدر آباد سمیت متعدد شہروں میں رات 12 بجے کے بعد ہی موبائل فون سروس بند کردی گئی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

وزیر داخلہ ضیا لنجار نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور خیرپور میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضیا لنجار کا کہنا ہے کہ چہلم کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، جبکہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ رہے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں