پشاور: گڈ گورننس کمیٹی کا شکیل خان کیخلاف ثبوت سامنے لانے کا اعلان

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کرپشن کی روک تھام کیلئے تشکیل کردہ گڈ گورننس کمیٹی نے بڑا اعلان کر دیا۔

گڈ گورننس کمیٹی نے سابق صوبائی وزیر شکیل خان کا محاسبہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے خلاف تمام ثبوت سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔

ممبر گڈگورننس کمیٹی قاضی انور ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ شکیل خان سے متعلق تمام ثبوت میڈیا پر لائے جائیں گے، الزامات تو سب عائد کرتے ہیں لیکن سامنے کوئی نہیں آتا ہے، سابق صوبائی وزیر شکیل خان کے خلاف تمام ثبوت اور دیگر مواد سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزید کسی بھی وزیر کے خلاف تحقیقات نہیں کررہے، پہلے شکیل خان کے خلاف کی گئی تحقیقات کو سامنے لائیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران بھی بات چیت کرنے نہیں دی جاتی۔

قاضی انور ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کوئی سیاسی بات کرنے نہیں دی جاتی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران سیاسی بات چیت سے روکا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں