اسرائیلی وزیر اعظم نے حزب اللہ کیساتھ جنگ بندی کی منظوری دیدی

اسرائیلی وزیر اعظم نے  حزب اللہ کیساتھ جنگ بندی کی منظوری دیدی

بیروت،غزہ (اے ایف پی،رائٹرز،اے پی) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان میں حزب اللہ کیساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری دیدی ۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے ۔۔۔

 سیز فائر معاہدہ اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری  کے بعد نافذ ہوجائے گا۔امریکی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے کچھ تحفظات کے باوجود اصولی طور پرمعاہدے کی منظوری دیدی ۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور لبنان نے مکمل جنگ پر رضامندی ظاہر کردی۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق قومی سلامتی کی کابینہ آج شام ساڑھے 5بجے تل ابیب میں آئی ڈی ایف ہیڈکوارٹر میں لبنان کے ساتھ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کرے گی۔ انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے اسرائیلی وزیر بین گویر نے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی معاہدہ بڑی غلطی ہوگی۔ بین گویر نے ایکس پر لکھا لڑائی کے خاتمے سے حزب اللہ کو ختم کرنے کا تاریخی موقع ضائع ہو جائے گا۔ اسرائیل کے شمالی علاقے کے میئر نے حزب اللہ سے ممکنہ جنگ بندی معاہدہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے سرنڈر ڈیل قرار دیا ہے ۔ ادھر لبنان ،غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی بمباری میں 65افراد شہید ،کئی زخمی ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 24افراد شہید ،50سے زائد زخمی ہوئے ۔مقبوضہ مغربی کنارے گاؤں یباد میں اسرائیلی چھاپے میں نوعمر لڑکے سمیت دو فلسطینی شہید ہو گئے ۔ شہدا کی شناخت 13 سالہ ربیع حمرشہ اور 20 سالہ احمد محمود زید کے نام سے ہوئی۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں ابتک 44ہزار 235فلسطینی شہید،1لاکھ 4ہزار 638زخمی ہو چکے ہیں۔لبنان کا کہنا ہے کہ پیر کو جنوبی ضلع طائر میں اسرائیلی حملوں میں 12 افراد شہید ،درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ وسطی بیروت و دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں19افراد شہید،کئی زخمی ہوئے ۔ اسرائیلی فوج نے کہا اس نے بستہ میں حزب اللہ کے کمانڈ سنٹر پر حملہ کیا ہے ۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا برطانیہ ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کا پابند رہا ہے ،نیتن یاہو برطانیہ آئے تو عالمی عدالت کے جاری وارنٹ کی پیروی کی جائے گی۔ادھر نیوزی لینڈ نے ایرانی حمایت یافتہ یمن کے حوثی مسلح گروپ اور لبنان میں حزب اﷲ کے سیاسی ونگ کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں