ٹرمپ کا چین سمیت 3ملکوں سے درآمدی اشیا پر بھاری ٹیکس لگانے کا اعلان

ٹرمپ کا چین سمیت 3ملکوں  سے درآمدی  اشیا پر بھاری ٹیکس لگانے  کا اعلان

واشنگٹن(اے ایف پی)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو،کینیڈا اور چین سے آنے والی اشیاء پر صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھاری ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے ۔

ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 20جنوری کو میکسیکو اورکینیڈا سے آنے   والی تمام اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کی منظوری دوں گا اور یہ ٹیرف منشیات اور غیر قانونی تارکین وطن کا داخلہ بند ہونے تک نافذ رہے گا۔ نومنتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چین سے درآمد اشیاء پر بھی موجودہ ٹیرف سے 10 فیصد زیادہ ٹیکس عائد کریں گے ، امریکامیں منشیات کی ترسیل روکنے کے چینی اقدامات تک اضافی ٹیکس رہے گا، چینی حکام نے وعدہ کیا تھا کہ وہ منشیات سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے ۔ ترجمان چینی سفارتخانہ نے ردعمل میں کہاکہ چین اور امریکا منشیات کے خلاف کارروائیوں پررابطے میں رہے ہیں، چین امریکا اقتصادی اور تجارتی تعاون باہمی فائدے پر مبنی ہے ،کوئی بھی تجارت یا ٹیرف کی جنگ نہیں جیت پائے گا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤننگ نے پریس بریفنگ میں کہاکہ ہم امریکا سے اس معاملے پر بات چیت کرنے کیلئے تیارہیں ۔ ڈونلڈٹرمپ کے اس اعلان کے بعد ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان رہا ،ٹوکیو سٹاک مارکیٹ 1.3 فیصد تک گراوٹ کا شکار رہی جبکہ ہانگ کانگ اور شنگھائی مارکیٹس نے اختتامی سیشن میں کافی حدتک ریکوری کرلی۔دوسری طرف ڈالرکی قیمت میں اضافہ ہوگیا، ڈالر اپنے کینیڈا کے مساوی اور میکسیکو کے پیسو کے ساتھ ساتھ چینی یوآن کے مقابلے میں ایک فیصد سے زیادہ بڑھ گیا تاہم ین کے مقابلے میں کمزور دکھائی دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں