بنگلہ دیش ، بغاوت کے آثار :بھارتی میڈیا ، رپورٹس من گھڑ ت :بنگلہ دیشی فوج

 بنگلہ دیش ، بغاوت کے  آثار :بھارتی میڈیا ، رپورٹس  من گھڑ ت :بنگلہ دیشی فوج

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی فوج نے بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے ۔

جن  میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج میں بغاوت کے آثار پائے جا رہے ہیں اور پاکستان کے حامی فوجی افسر لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمن کو بغاوت کے الزام کے تحت زیر نگرانی رکھا گیا ہے ۔بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ بنگلہ دیشی فوج کی چین آف کمانڈٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے ،پاکستان اور جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے حامی لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمن دیگر جرنیلوں کی مدد سے آرمی چیف جنرل وقار الزماں کا عہدہ ہتھیانے کی کوششوں میں مصروف تھے تاہم خاطر خواہ حمایت حاصل نہ ہونے پریہ کوشش ناکام رہی ہے ۔یاد رہے لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمن بنگلہ دیش کی فوج میں بطور کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات ہیں۔پاکستان کی جانب سے بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ان خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔بنگلہ دیشی فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق یہ خبریں سراسر غلط ہیں اور بادی النظر میں محسوس ہو رہا ہے کہ یہ بنگلہ دیش اور اسکی مسلح افواج کے استحکام اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی منظم سازش کا حصہ ہیں۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بنگلہ دیشی فوج مضبوط، متحد اور چیف آف آرمی سٹاف کی قیادت میں اپنے آئینی فرائض انجام دینے کی مکمل پابند ہے ۔ چین آف کمانڈ مستحکم ہے اور بنگلہ دیشی فوج بشمول سینئر جنرل، آئین، چین آف کمانڈ اور بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ وفاداری میں غیر متزلزل ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ فوج کے اندر کسی بھی قسم کی ٹوٹ پھوٹ یا غداری سے متعلق تمام تر الزامات سراسر من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں