کراچی میں تیز آندھی، بارش سے تباہی، مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش سے تباہی مچ گئی،درخت، دیواریں، چھتیں اور بجلی گرنے کے واقعات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

بلدیہ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے سے 7 افراد دم توڑ گئے، قائد مجید کالونی میں دیوار گرنے سے میاں بیوی اور بیٹی زخمی ہوگئی، سرجانی ٹاؤن میں زیر تعمیرعمارت کی چھت گر گئی، ایک شخص زخمی ہوا، مچھر کالونی میں مکان کی چھت گر گئی۔

انارکلی بازار میں پولیس کیمپ سمیت متعدد سٹالز گر گئے، کیمپ گرنے سے دبنے والی خواتین اہلکاروں کو ریسکیو کرلیا گیا، ماڑی پور میں 97، شاہراہ فیصل پر 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔

تیز آندھی اور بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

آندھی کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا، بارش کے بعد معین آباد،عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاون 14 اے، گلشن اقبال کے مختلف علاقوں اور ڈیفنس فیز ٹو، ون، اختر کالونی، کشمیر کالونی، نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

تیز ہوا کے باعث مختلف علاقوں میں درخت بھی گرگئے، کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب تیز ہوا سے درخت گر گیا، 2 افراد درخت کے نیچے پھنس گئے جنہیں طویل کوشش کے بعد باہر نکال لیا گیا، محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گرگیا۔

بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، ترجمان ریسکیو کے مطابق دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں، پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی، سرچ اور ریسکیو آپریشن تادیر جاری رہا مزید افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

شاہ لطیف مرغی خانہ سٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، قائد آباد مجید کالونی میں بھی گھر کی دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

وزیر اعلی سندھ نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا، تمام بلدیاتی اداروں اور ڈی ایم سیز کو فوری طور پر فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا امدادی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی سمیت پورے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کردیا، متعلقہ محکموں کے تمام عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، مارکیٹوں کے اطراف سے نکاسی فوری کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات میں مزید بارش کا امکان نہیں تاہم دوپہر کے بعد بارش کا امکان رہے گا، تیز ہوا اورگرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان رہے گا، 24 سے27 مارچ کے دوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں