توانائی انفراسٹرکچر پر حملے بے قابو نتائج کا باعث بن سکتے ہیں، ایرانی صدر
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ توانائی انفراسٹرکچر پر حملے بے قابو نتائج کا باعث بن سکتے ہیں جو پوری دنیا کو متاثر کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ بے قابو نتائج کا سبب بن سکتا ہے، ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، آج ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا گیا۔
— Masoud Pezeshkian (@drpezeshkian) March 18, 2026
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایسی جارحانہ کارروائیاں امریکی اسرائیلی دشمن اور اس کے حامیوں کیلئے کچھ حاصل نہیں کریں گی، بلکہ یہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنائیں گی اور ایسے بے قابو نتائج کا باعث بن سکتی ہیں جو پوری دنیا کو متاثر کریں گے۔
خیال رہے کہ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی فورسز نے ایران کی بڑی ساؤتھ پارس گیس فیلڈ اور اس سے منسلک تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں قریبی علاقے عسلویہ میں واقع تیل اور پیٹرو کیمیکل تنصیبات بھی زد میں آ گئیں۔