ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کی توانائی تنصیبات پر مزید حملوں سے روک دیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اہم گیس فیلڈ پر حملے کے بعد اسرائیل کو ایرانی توانائی تنصیبات پر مزید حملوں سے روک دیا۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے، اس لیے توانائی تنصیبات پر مزید حملوں کی ضرورت نہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے بدھ کے روز ایران کے جنوبی پارس گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا، جو دنیا کے سب سے بڑے گیس ذخائر میں شمار ہوتا ہے اور ایران کی توانائی کا اہم ذریعہ ہے۔
امریکی اخبار نے لکھا کہ ٹرمپ کو اس حملے کا پیشگی علم تھا تاہم رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی صدر کا مؤقف حتمی نہیں اور اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں مزید اشتعال انگیز اقدامات کیے تو وہ دوبارہ ایرانی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی حمایت کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران نے ساؤتھ پارس فیلڈ پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے کی ان تمام تیل تنصیبات کو اپنا ہدف قرار دے دیا ہے جو امریکی کمپنیوں کی ملکیت ہیں یا ان کے زیرِ انتظام چلائی جا رہی ہیں، اسی سلسلے میں ایران نے قطر میں راس لفان انڈسٹریل سٹی پر میزائل سے حملہ کیا، جس کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔