کشیدگی:افغانستان کی پرامن مغربی سرحد کی یقین دہانی

کابل(این این آئی)پاک بھارت کشیدگی کے دوران خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق نے پرامن مغربی سرحد کی یقین دہانی حاصل کر لی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ غیر اعلامیہ پیش رفت محمد صادق کی چینی ہم منصب کے ہمراہ کابل میں علاقائی روابط مضبوط بنانے اور سی پیک منصوبے کی افغانستان تک توسیع پر بات چیت کے دوران ہوئی۔ ذرائع کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر متقی نے پانچویں سہ فریقی اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران اسلام آباد کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے محمد صادق اور چینی نمائندے کے ساتھ وفود سمیت ملاقات کی اور پاک بھارت کشیدگی کے دوران پرامن مغربی بارڈر کی یقینی دہائی کرائی اور کہا معاشی و سیاسی روابط اور علاقائی مفاہمت کا حصول باہمی احترام اور تعمیری سوچ کے ذریعے ممکن ہے ۔ پاک چین نمائندوں نے کابل کے ساتھ اچھی ہمسائیگی پر مبنی مضبوط روابط اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، سہ فریقی وزرائے خارجہ ڈائیلاگ کے چھٹے دورکے کابل میں انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ محمد صادق چینی ہم منصب کے ہمراہ وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملے ۔