چین کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ دینے کا اعلان

چین کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ دینے کا اعلان

بیجنگ(وقائع نگار،اے پی پی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دورہ چین کے دوران چینی وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی اور جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ چین پاکستان کا خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ دے گا۔ چین پاکستان بھارت کے درمیان پائیدار امن کی کوششوں کی حمایت اورتنازعات بات چیت سے حل کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے ۔وانگ ژی نے کہا جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول اور بنیادی حل تلاش کرنے کی حمایت کرتے ہیں ۔ چین اور پاکستان کو صنعت، زراعت، توانائی اور معدنی ذخائر کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چا ہئے ،چین اور پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف تعاون بھی بڑھانا چاہئے ۔قبل ازیں اسحاق ڈار سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر لیو جیان چاؤ نے وفد سمیت ملاقات کی اورسیاسی جماعتوں میں روابط مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری اور بنیادی مفادات پر چین کی حمایت کو سراہا۔لیو جیان چاؤ نے کہا چین پاکستان کا آئرن برادر ہے ،پاکستان سے تعلقات کو ترجیح دینگے ۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور مقاصد کی پاسداری پر زور دیا۔ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے چین کی حمایت کو سراہتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع کے حق اور صلاحیت کی تصدیق کرتے ہوئے پرامن ہمسائیگی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنے کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی فیصلے کا نوٹس لے ۔ مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں