غزہ:امدادی سنٹر پر تیسراحملہ ،40شہید ،3اسرائیلی فوجی ہلاک

غزہ:امدادی سنٹر پر تیسراحملہ ،40شہید ،3اسرائیلی فوجی ہلاک

غزہ(اے ایف پی)غزہ میں انسانی امداد تقسیم کرنے کیلئے قائم سنٹر کے قریب اسرائیل نے تیسری بار حملہ کیا ہے ، 24گھنٹے کے دوران اسرائیلی فائرنگ ،گولہ باری اور ڈرون حملوں میں40افراد شہید اور 208 زخمی ہو گئے ۔

رفح کے العالم علاقے میں امریکی امداد کے منتظر شہریوں پر اسرائیلی حملے میں 27 افراد شہید اور 90 سے زیادہ زخمی ہوئے ۔غزہ سول ڈیفنس ایجنسی نے میڈیا کو بتایا امدادی سنٹر سے ایک کلومیٹر کے فاصلے سے ٹینکوں، ہیلی کاپٹروں اور کواڈکاپٹر ڈرونز سے گن فائر کئے گئے ۔ریڈ کراس نے بھی غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر فائرنگ کے نتیجے میں 27 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے ۔اسرائیلی فوج نے کہا شمالی غزہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین فوجی ہلاک ہوگئے ۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے کہا امریکا غزہ کے امدادی سنٹرز پر فائرنگ کی حقیقت کا جائزہ لے رہا ۔اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں14سالہ فلسطینی نوجوان یوسف فواد فقہا کو گولی مار کر شہید کر دیا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ شام سے داغے گئے دو میزائل منگل کو اسرائیلی علاقے میں کوئی نقصان پہنچائے بغیرکھلے علاقوں میں گرے ۔ فوج نے کہا یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو بھی روک دیا۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ شام سے میزائل حملے کے بعد شامی عبوری صدر احمد الشرع براہ راست ذمہ دار ہیں ، جلد جواب دیا جائے گا۔حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں جھڑپوں کے دوران متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا ۔جبالیہ ،خان یونس اور دیر البلح میں اسرائیلی فوج کیساتھ جھڑپیں جاری ہیں ۔اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے امداد کے متلاشی غزہ کے شہریوں کی شہادتوں کی مذمت کی ہے ۔ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا یہ ناقابل قبول ہے کہ شہری صرف ایک خوراک حاصل کرنے کی کوشش میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں