غزہ :امداد کے منتظر افراد پر اسرائیلی حملے ،22شہید،200زخمی

غزہ :امداد کے منتظر افراد پر اسرائیلی حملے ،22شہید،200زخمی

غزہ (اے ایف پی)غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے کہا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فائرنگ سے امداد کے منتظر 22 افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے ۔۔۔

شہری دفاع کے اہلکار محمد المغییر نے بتایا کہ العودہ ہسپتال میں 10 شہید اور 200 کے قریب زخمی لائے گئے ، جن میں  خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،اسرائیلی ڈرونز نے وسطی غزہ میں نیٹزارم چوکی کے ارد گرد امدادی ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کے قریب شہریوں کے اجتماع پر متعدد بم گرائے ۔مصری حکام نے غزہ پر اسرائیل کی ناکہ بندی کو توڑنے کے بین الاقوامی مارچ سے قبل قاہرہ میں 200 سے زائد فلسطینی حامی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ مارچ کے ترجمان سیف ابوکشیک نے بتایا200سے زائد شرکاکو قاہرہ کے ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا یا قاہرہ کے ہوٹلوں میں پوچھ گچھ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حراست میں لئے گئے افراد میں امریکا، آسٹریلیا، نیدرلینڈز، فرانس، سپین، مراکش اور الجزائر کے شہری شامل ہیں۔اسرائیلی حزب اختلاف کی جانب سے وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت گرانے اور قبل از وقت عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کی کوشش پارلیمنٹ میں انتہائی معمولی فرق سے ناکام ہو گئی۔120 نشستوں پر مشتمل اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ میں 61 ارکان نے اپوزیشن کی تحریک کے خلاف ووٹ دیا۔ شام کی وزارت داخلہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو رات بھر کی دراندازی میں ایک شہری کو ہلاک اور سات افراد کو اغوا کر لیا، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے ارکان کو پکڑ ا ہے ۔ اسرائیلی فوج نے ایکس پر کہا کہ اس کے فوجیوں نے گولان کی پہاڑیوں سے 12 کلومیٹر کے فاصلے پر بیت جن میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن میں حماس کے متعدد مشتبہ ارکان کو پکڑ لیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں