اسرائیل اور ایران کے حملے جاری،کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے،امریکا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا :خامنہ ای

اسرائیل اور ایران کے حملے جاری،کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے،امریکا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا :خامنہ ای

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کوجواب دیتے ہوئے کہا ایران کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔۔۔

، مداخلت سے امریکا کوناقابل تلافی نقصان ہوگا، اسرائیل کو اس کی غلطی کی ضرورسزا ملے گی، ایران اور اسرائیل کے درمیان ایک دوسرے پر میزائل حملوں کا تبادلہ بدھ کو چھٹے روز بھی جاری رہا، ایرانی میڈیا کے مطابق تہران اور دیگر  بڑے شہروں سے ہزاروں افراد کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے ،ایرانی گورنر نے اعلان کیا کہ اسرائیلی ایف-35 لڑاکا طیارہ تہران کے جنوب مشرق میں تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر ورامین کے قریب مار گرایا گیا ہے ۔یہ پانچواں طیارہ ہے جسے ایران نے جمعہ سے اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ میں گرایا ہے ۔ایرانی فوج نے صوبہ اصفہان میں اسرائیل کا جدید ہرمس ڈرون طیارہ بھی مار گرایا ،جس کی اسرائیلی فوج نے تصدیق بھی کردی۔پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیلی اہداف پر نئے جدید میزائل کے ذریعے حملہ کر کے اسرائیل کے سرپرست، امریکا کو ایک پیغام دیا ہے ۔انہوں نے کہا اسرائیل پر 11 ویں جوابی حملے کے دوران جنریشن ون کے فتح میزائل استعمال کیے گئے ، جو بار بار اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کو چیرتے ہوئے گزرے اور ‘تل ابیب کے جنگ پسند اتحادی کو ایران کی طاقت کا پیغام دیا، جس کی خواہشات خام خیالی پر مبنی ہیں۔پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ایرانی افواج نے مقبوضہ علاقوں کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تہران پر تازہ وحشیانہ بمباری میں ہلال احمر سوسائٹی کے ہیڈکوارٹر کے قریب ایک عمارت، کرج پیام ایئرپورٹ، وزارت دفاع کی متعدد عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے ، تہران کے مضافاتی علاقہ لویزان پر بھی شدید بمباری کی گئی۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کارٹز نے دعویٰ کیا کہ جیٹ طیاروں کے ذریعے ایران کے داخلی سلامتی کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کرد یا ہے ۔صیہونی فوج نے جمعہ سے اب تک ایران میں 1100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ، جبکہ تہران پر رات بھر جاری رہنے والے حملوں میں سینٹری فیوج پروڈکشن سائٹ، متعدد اسلحہ ساز فیکٹریوں پر حملوں اور متعدد ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے علاقے کرج میں اسرائیلی بمباری سے ایٹمی تنصیبات سے منسلک دو عمارتیں تباہ ہوئیں، حملے میں سینٹری فیوجز کے پرزے بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا،اسرائیل نے تہران میں سینٹری فیوجز روٹرز کی تیاری کے پلانٹ پر بھی حملہ کیا، اس پلانٹ پر سینٹری فیوجز کے تجربات بھی ہوتے تھے ۔صہیونی دشمن کی فضائیہ نے تہران میں وزارت دفاع کی کئی عمارتوں پر بھی وحشیانہ بمباری کی ہے ۔

اسرائیل نے تہران کے جنوب مغربی علاقے کے مکینوں کو انخلا کی وارننگ دے دی ، اطلاعات کے مطابق اسرائیل ان علاقوں میں واقع ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتا ہے ، اس لیے عام شہریوں کے وہاں سے نکل جانے کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔ اسرائیل ایران کے مشرق میں پاسداران انقلاب سے وابستہ امام حسین یونیورسٹی اور تہران کے قریب ‘خجیر’ بیلسٹک میزائل تنصیب گاہ پر بھی حملے کر رہا ہے ۔ ایک اسرائیلی فوجی اہلکار کے مطابق 50لڑاکا طیاروں نے تہران میں گزشتہ رات بیس سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے شہر کرمان شاہ میں ایئربیس پر 5ایرانی AH-1 ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرن نے کہا یہ ہیلی کاپٹرز صیہونی فضائیہ کو نشانہ بنانے کے لیے تعینات کیے گئے تھے ۔تہران میں گزشتہ صبح 5 بجے کے قریب ایک شدید دھماکے کی آواز سنی گئی، جب کہ اس سے قبل سحر سے پہلے کے اندھیرے میں بھی کئی دھماکے ہو چکے تھے ۔ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ چھ روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں تاحال 224 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل نے اپنے 24 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایران نے جمعہ کو شروع ہونے والے تنازع کے بعد سے اب تک اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل اور تقریباً ایک ہزار ڈرونز سے جوابی کارروائی کی ہے ۔اسرائیلی فوج نے کہا جمعہ سے اب تک 20 بیلسٹک میزائل اسرائیل کے شہری علاقوں میں گرے ، تباہی ہوئی، 24 اموات، 500 سے زائد شہری زخمی ہوئے ، جو ہمارے اندازے سے کافی کم نقصان ہے ۔

امریکی حکام نے بتایا کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید جنگی طیارے بھیج دئیے ہیں اور پہلے سے موجود طیاروں کی تعیناتی میں توسیع کر دی ہے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق عام طور پر ڈومز ڈے طیارہ کہلائے جانے والا امریکا کا انتہائی خفیہ اور ایمرجنسی حالات میں استعمال ہونے والا ایئر فورسE-4B نائٹ واچ طیارہ منگل کی رات واشنگٹن کی جوائنٹ بیس اینڈریوز پر غیر معمولی پرواز کے بعد لینڈ کر چکا ہے ۔یہ طیارہ ایٹمی دھماکوں اور برقی مقناطیسی حملوں سے محفوظ رہنے کیلئے تیار کیا گیا ہے ، اسے صرف انتہائی سنگین عالمی یا قومی بحرانوں میں استعمال کیا جاتا ہے جیسا 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے دوران کیا گیا۔ امریکا نے اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تنازع کے درمیان یروشلم میں اپنا سفارت خانہ جمعہ تک بند کردیا،سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا سکیورٹی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور اسرائیل ہوم فرنٹ کمانڈ کی رہنمائی کی تعمیل میں، یروشلم میں امریکی سفارت خانہ جمعہ 20 جون تک بند رہے گا، کیونکہ ممکنہ امریکی مداخلت کے بارے میں قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خا منہ ای نے قوم سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو سرنڈر کرنے کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا، امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے ۔انہوں نے کہا ایران ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کرے گا،امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی، دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے ، کیونکہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی۔اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی۔جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب نہیں دیتے ۔ ایرانی عوام اپنے شہدا کے خون اور اپنی سرزمین پر ہونے والے حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے ۔ کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے عزت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ہمارا شک تھا کہ اس جنگ میں امریکا بھی ملوث ہے اور اب جبکہ امریکی صدر نے ایسے بیانات دئیے ہیں تو ہمارا شک یقین میں بدل گیا ہے ۔ جنگ میں امریکی مداخلت یہ ظاہر کرتی ہے کہ اسرائیل کمزور پڑ چکا ۔ امریکا ہمیں ہتھیار ڈالنے کی دھمکی نہ دے ہم کسی ڈرخوف میں آنے والے نہیں ہیں ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے کہا ہمیں صیہونی دہشت گرد حکومت کو سخت جواب دینا چاہیے ،ہم صیہونیوں پر کوئی رحم نہیں کریں گے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں