غزہ :اسرائیلی حملے ،امداد کے منتظر46افراد شہید

غزہ (اے ایف پی)غزہ میں شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے منگل کو امداد کے منتظر مزید 46 افراد کو شہید کر دیا ۔ حملوں میں 150فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے 62 کی حالت تشویشناک ہے ۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے کہا وسطی غزہ میں امدادی مقام کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 21 افراد شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوئے جبکہجنوبی غزہ میں ایک الگ واقعے میں مزید 25 لوگ شہید ہوئے ۔انہوں نے کہا شہید اور زخمی، ناقابل برداشت تعداد میں ہیں ،شہادتیں بڑھ سکتی ہیں ۔محمود بسال کا کہنا تھا قابض فورسز نے گولیوں،ڈرونز اور ٹینکوں کے گولوں سے شہریوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے کہا ایران سے جنگ کے بعد اب غزہ پر توجہ مرکوز ہو گی ،یرغمالیوں کو گھر واپس لائیں گے اور حماس کی حکومت کو ختم کر نے پر توجہ دیں گے ۔ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ میں آئی سی آر سی کا پانچواں کارکن محمود براقہ غزہ میں شہید ہو گیا،لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب میں اسرائیلی حملے میں 3 افراد شہید ہو گئے ۔اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے ایران سے جنگ بندی کے بعد غزہ جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے ایکس پر کہا یرغمالیوں کو واپس لاؤ، جنگ ختم کرو۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے پارلیمنٹ کو بتایا اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا وقت آ گیا ہے ،انہوں نے کہا جرمنی اسرائیل کی حمایت کرتا ہے لیکن تنقیدی طور پر سوال کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں کیا حاصل کرنا چاہتا ہے ؟۔