ٹرمپ کی رکوائی جنگ پھر چھڑ گئی تھائی لینڈ کے کمبوڈیا پر حملے
بینکاک، نوم پنہ (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر ٹرمپ کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں جنگ پھر چھڑ گئی ہے ، تھائی لینڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کمبوڈیا کے سرحدی علاقے میں فضائی حملے شروع کر دئیے۔۔۔
تھائی لینڈ کی فوج نے فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی صوبے اوبن راتچاتھانی کے 2 علاقوں میں تازہ جھڑپوں کے دوران کم از کم ایک تھائی فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوئے تھے ۔فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کی جانب سے اب کئی علاقوں میں فوجی اہداف پر حملوں کے لیے طیاروں کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے ۔دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر حملوں میں پہل کے الزامات لگائے ہیں ۔ کمبوڈیا کی وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ تھائی فوج نے پیر کو علی الصبح اس کی فورسز پر 2 مقامات پر حملے کیے ، جبکہ پچھلے کئی دنوں سے اشتعال انگیزی جاری تھی۔کمبوڈین فوج نے جوابی کارروائی نہیں کی،حملوں میں 4شہری ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں ۔واضح رہے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع اس سال جولائی میں 5 روزہ جھڑپوں میں تبدیل ہو گیا تھا، جس کے بعد ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں جنگ بندی طے پائی تھی، اسی سال اکتوبر میں کوالالمپور میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک وسیع تر امن معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے تھے ۔جولائی کی جھڑپوں میں کم از کم 48 افراد ہلاک اور تقریباً 3 لاکھ افراد عارضی طور پر نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے ، جب کہ دونوں جانب سے راکٹ اور بھاری توپیں استعمال کی گئیں۔