بشریٰ بی بی کی ذہنی حالت کو خطرہ ہو سکتا ، عہدیدار اقوام متحدہ
نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )اقوامِ متحدہ کے ایک خصوصی نمائندے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے وہ ان کی جسمانی اور ذہنی حالت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں اور ۔۔۔
حکام پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے فوری اقدامات کریں۔بدھ کے روز اقوام متحدہ کی تشدد سے متعلق خصوصی نمائندہ ایلس جل ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نظربندی کے دوران بشریٰ بی بی کی صحت کا تحفظ اور انسانی وقار کی ضمانت کو یقینی بنائے ۔اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اطلاعات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر ایک چھوٹے سے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں ہوا کا گزر بھی نہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بشریٰ بی بی کی کوٹھری نہ صرف گندی اور انتہائی گرم ہے بلکہ وہاں کیڑے مکوڑے اور چوہے بھی ہیں جبکہ بجلی بند ہونے کی صورت میں سیل مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں پینے کے لیے گندا پانی دیا جاتا ہے جبکہ کھانے میں ضرورت سے زیادہ مرچ کے استعمال کی وجہ سے کھانا کھانے کے قابل نہیں ہوتا۔ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسز خان اپنے وکلا سے رابطہ کر سکیں اور خاندان کے افراد سے ملاقاتیں کر سکیں اور حراست کے دوران بامعنی انسانی رابطہ برقرار رہے ۔