پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی مشروط مذاکراتی پیشکش مسترد کر دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے وزیراعظم کی مشروط مذاکراتی پیشکش مسترد کردی۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہ اکہ وزیراعظم کی مشروط مذاکراتی پیشکش دوغلے پن اور منافقت کا ثبوت ہے، مسلط حکومت سے کسی صورت مذاکرات نہیں کریں گے، مینڈیٹ چوری ہو چکا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی چیئرمین نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے، حکومت اگر سنجیدہ ہے تو تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سے بات کرے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ معافی کا مطالبہ سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن کو ظاہر کرتا ہے، من گھڑت بیانیے پر پی ٹی آئی سے معافی مانگنا جمہوریت نہیں آمریت ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کو تنہائی میں غیر انسانی حالات میں قید رکھا گیا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود بانی چیئرمین سے ملاقاتیں روکی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے وزراء توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، عدلیہ اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آتی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات تیزی سے چلائے جا رہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جعلی وزرا عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، پی ٹی آئی کی آئینی جدوجہد کو ریاست دشمن کہنا خطرناک سازش ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنا ریاست کو کمزور کرتا ہے، بانی پی ٹی آئی ضمیر کے قیدی ہیں، کسی جرم میں نہیں جھکنے سے انکار پر قید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جبر، قید اور دھمکیوں سے عوامی حمایت ختم نہیں کی جا سکتی، حکومت پارلیمان کو مفلوج، عدلیہ کو دباؤ میں اور میڈیا کو خاموش کر رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ظلم عارضی ہے، سچ اور عوامی طاقت آخرکار فتح یاب ہوگی، غزہ سے متعلق خفیہ فوجی معاہدوں پر حکومت فوری وضاحت دے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مارکو روبیو کے انکشافات کے بعد سنگین سوالات جنم لے چکے ہیں، دفتر خارجہ سچ بول رہا ہے یا حکومت قوم کو گمراہ کر رہی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور عوام کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے ناقابل قبول ہیں، فلسطین، قومی خودمختاری اور پاکستان کے اصولی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ملکی وقار پر خفیہ سودے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔