اداکارہ آمنہ ملک کی بانی پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ ریحام خان پرتنقید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق اپنے سابقہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے سابقہ اہلیہ ریحام خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

آمنہ ملک کافی عرصے سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اس وقت اپنا مارننگ شو بھی ہوسٹ کر رہی ہیں جبکہ اداکاری کے میدان میں بھی انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، حال ہی میں وہ ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔

پوڈکاسٹ کے دوران آمنہ ملک نے کہا کہ اگر عمران خان دوبارہ شادی کریں تو میں انہیں جمائما خان کے ساتھ دیکھنا پسند کروں گی کیونکہ جمائما نہایت مہذب اور باوقار خاتون ہیں، جمائما نے اپنے ماضی کے رشتے سے متعلق ہمیشہ عزت اور وقار کا مظاہرہ کیا ہے جو قابلِ تعریف ہے۔

جب میزبان نے ریحام خان سے متعلق سوال کیا تو ابتدا میں آمنہ ملک نے جواب دینے سے گریز کیا تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک ریحام خان کا رویہ مہذب نہیں رہا، آمنہ ملک نے وضاحت کی کہ وہ ریحام خان کی کتاب نہیں پڑھیں لیکن کسی سابق شوہر کے بارے میں کتاب لکھنا اور ذاتی معاملات بیان کرنا مناسب نہیں ہے۔

آمنہ ملک نے ناظرین کو نصیحت کی کہ اگر کسی رشتے کا اختتام ہو جائے تو خاموش رہنا بہتر ہے اور ایک دوسرے کے خلاف نازیبا یا توہین آمیز باتیں نہ کی جائیں کیونکہ بریک اپ کے بعد وقار اور خاموشی ہی سب سے بہتر راستہ ہے۔

آمنہ ملک کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں