بھارت کی اپنے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کیلئے پاکستان سے درخواست

لاہور: (دنیا نیوز) سابق پاکستانی فاسٹ بولر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا گیا ہے۔

عاقب جاوید کے مطابق یہ رابطہ پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے ذریعے کیا گیا۔

عاقب جاوید جو قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی ہیں نے یہ بات پی سی بی کے آفیشل پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران بتائی جہاں انہوں نے پاکستان کرکٹ، ہائی پرفارمنس اسٹرکچر اور طویل المدتی منصوبہ بندی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

گفتگو کے دوران عاقب جاوید نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کردار پر بھی بات کی اور اسے کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے پی سی بی کا “انجن روم” قرار دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے لیے ہمارے بڑے منصوبے ہیں جن میں ایک مکمل فعال بائیومیکینکس لیبارٹری کا قیام بھی شامل ہے۔

عاقب جاوید نے پی سی بی کے اوورسیز پاتھ وے پروگرام پر بھی روشنی ڈالی جس کے تحت دنیا بھر کے کرکٹرز کو کوچنگ اور تربیت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی اب پاکستان آ کر تربیت حاصل کر سکتے ہیں اور ہم اب تک نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی میزبانی کر چکے ہیں۔

عاقب جاوید نے بتایا کہ یہ پروگرام مستقبل میں دنیا بھر تک پھیلایا جائے گا اور ہمیں ابھی بھارت سے بھی فون کالز آرہی تھیں اور درخواست کی گئی کہ ان کے فاسٹ بولرز کو رہنمائی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں