روسی صدر کی رہائشگاہ پر ڈرون حملہ،یوکرین جنگ بندی پر ٹرمپ کا پیوٹن سے رابطہ
پیوٹن کی رہائش پر حملہ غلط وقت پر ہوا، بات چیت کے دوران ایسے اقدامات حالات کو مزید بگاڑ سکتے :امریکی صدر ٹرمپ نیتن یاہو ملاقات، غزہ جنگ بندی پر گفتگو،حماس نے غیر مسلح نہیں ہوئی تو سختی سے نمٹیں گے : پریس کانفرنس
پام بیچ ،ماسکو،کیف (اے ایف پی) روس نے یوکرین پر صدر پیوٹن کی ایک رہائشگاہ پر درجنوں ڈرون حملوں کا الزام عائد کیا ہے ، جسے یوکرین نے جھوٹ قرار دے دیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے مطابق نووگورود ریجن میں پیوٹن کی رہائش گاہ کو 91 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم تمام ڈرونز مار گرائے گئے ۔ لاوروف نے کہا کہ اس واقعے کے بعد روس امن مذاکرات پر اپنے موقف پر نظرثانی کرے گا۔ دوسری جانب صدر زیلنسکی نے الزام کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس امن عمل سبوتاژ اور یوکرین پر مزید حملوں کا جواز بنا رہا ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن کی رہائشگاہ پر مبینہ یوکرینی ڈرون حملے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پیوٹن کی رہائش پر حملہ غلط وقت پر ہوا ، انتہائی نازک وقت میں کیا گیا اقدام ہے ۔ فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ حملے کی اطلاع انہیں خود صدر پیوٹن نے دی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری بات چیت کے دوران ایسے اقدامات حالات کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی محاذ پر کارروائی اور کسی رہنما کی ذاتی رہائش گاہ کو نشانہ بنانا دو مختلف باتیں ہیں، اور یہ وقت ایسے اقدامات کا نہیں۔قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولائن لیویٹ کے مطابق پیر کو امریکی صدر ٹرمپ نے روسی ہم منصب پیوٹن سے یوکرین کے مسئلے پر ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان مثبت بات چیت ہوئی ۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی، جس میں غزہ جنگ بندی منصوبے کے اگلے مرحلے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح ہونا ہوگا، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام پر سخت مو قف دہراتے ہوئے خبردار کیا کہ تنصیبات دوبارہ بنیں تو امریکا کارروائی کرے گا۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا امریکا اسرائیل کا ساتھ دیتا رہے گا، حماس کو مکمل طورپر غیر مسلح ہونا چاہئے ،آج ہم نے حماس کو غیر مسلح کرنے پر بات کی ہے ،اگر حماس نے غیر مسلح نہیں ہوئی تو سختی سے نمٹیں گے ، نیتن یاہو نے کہا ہے کہ مشرق وسطی سے متعلق صدر ٹرمپ سے تعمیر بات چیت ہوئی،امریکا نے ہمارے لئے جو کچھ کیا اس کے شکر گزار ہیں۔یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ امریکا نے یوکرین کو 15 سال کیلئے مضبوط سکیورٹی ضمانتوں کی پیشکش کی ہے تاہم کیف اس مدت کو ناکافی قرار دے رہا ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے منصوبے میں علاقائی معاملات اور زاپوریزہیا نیوکلیئر پلانٹ کا مستقبل ابھی طے ہونا باقی ہے ۔
انہوں نے بین الاقوامی فوجیوں کی یوکرین میں موجودگی کو سکیورٹی ضمانتوں کا اہم حصہ قرار دیا۔ زیلنسکی کے مطابق یوکرین 30 سے 50 سال تک کی ضمانتوں پر غور چاہتا ہے تاکہ مستقبل کی جارحیت سے بچا جا سکے ۔صدر زلنسکی نے کہا کہ امن فریم ورک 90 فیصد طے ہو چکا جبکہ یوکرین سکیورٹی ضمانتیں مکمل طور پر طے پا چکی ہیں۔ دونوں ممالک یوکرین کے لیے معاشی بحالی منصوبے اور اقدامات کی ترتیب کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔