حماس نے غزہ کا انتظام آزاد فلسطینی ادارے کے حوالے کردیا

 حماس نے غزہ کا انتظام آزاد فلسطینی ادارے کے حوالے کردیا

فیصلہ ٹرمپ کی جانب سے غزہ امن کونسل بنانے کے بیان کے بعدکیا گیا:ترجمان

غزہ(نیوز ایجنسیاں)حماس نے غزہ کا انتظام آزاد فلسطینی ادارے کے حوالے کردیا۔حماس ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ صدرٹرمپ کی جانب سے  غزہ امن کونسل بنانے کے بیان کے بعدکیا گیا۔مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق حماس ترجمان نے غزہ کی پٹی کے تمام اداروں کو ایک آزاد فلسطینی ٹیکنوکریٹک باڈی کو مکمل اختیارات کی منتقلی کی ہدایات جاری کر دیں اور واضح کیا کہ غزہ کے اداروں سے دستبردار ہونے کافیصلہ واضح اور حتمی ہے ۔حازم قاسم نے کہا کہ اختیارات کی منتقلی کی ہدایات کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکنوکریٹک اتھارٹی اپنے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دے سکے ۔ چند روز قبل حماس کے سیاسی بیورو کے عہدیدارباسم نعیم نے کہا تھا کہ حماس غزہ میں بااختیار فلسطینی حکومت کے قیام کے بعد دستبردارہونے کو تیار ہے ۔ ادھر جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی قبضہ مہم جاری ہے ، غزہ میں بمباری سے بچ جانے والی 2500 عمارتیں گرادی گئیں۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے آغاز کے بعد گزشتہ تین ماہ کے دوران 100 بچے شہید ہو چکے ہیں۔ یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر کے مطابق بچوں کی شہادتیں فضائی ، ڈرون حملوں، خودکش ڈرونز، ٹینکوں کی گولہ باری اور براہِ راست فائرنگ کے باعث ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں