مقبوضہ کشمیر:بھارتی یوم جمہوریہ، مزید پابندیاں ،سینکڑوں گرفتار

مقبوضہ کشمیر:بھارتی یوم جمہوریہ، مزید پابندیاں ،سینکڑوں گرفتار

گھروں پر چھاپے ، خواتین و بچوں کو ہراساں کیا جا رہا ، قیمتی اشیاکی توڑ پھوڑ اپنی منصفانہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم:حریت کانفرنس

سرینگر(اے پی پی)بھارتی فورسز نے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر مزید پابندیاں لگا دیں ۔ سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ سمیت مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے ، خواتین و بچوں کو ہراساں اور قیمتی اشیا کی توڑ پھوڑ کی گئی۔مختلف اضلاع سے سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ،جبکہ پولیس یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے کشمیریوں پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ  بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہی ،کشمیری اپنی منصفانہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔

علاوہ ازیں سرینگر اور بارہمولہ اضلاع میں دو خواتین سیاحوں سمیت 4غیر مقامی افراد مردہ پائے گئے ،کرناٹک سے تعلق رکھنے والی 65 سالہ خاتون سیاح کملا بائی سرینگر کے علاقے منور آباد جبکہ ریاست گجرات کی 53 سالہ خاتون جیوتی شہر کے علاقے راج باغ میں ہوٹل کے کمروں میں مردہ پائی گئیں۔ کیرالہ سے تعلق رکھنے والا 51 سالہ مزدور سرینگر کے علاقے خانموہ میں ایک سیمنٹ فیکٹری میں اپنے کمرے کے اندر مردہ پایا گیا۔ضلع بارہمولہ کے علاقے پلہالن میں ایک غیر مقامی شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں