جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے ،غزہ 3،لبنان میں 2شہید
غزہ ،یروشلم(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) غزہ سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملوں میں تین فلسطینی شہید ہو گئے ، جن میں دو کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔
الشفا ہسپتال نے تصدیق کی ہے کہ شہید ہونے والوں کی عمریں 13 اور 15 سال تھیں۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے میں دو افراد شہید اور 5 زخمی ہو گئے ۔جرمن پولیس نے لبنانی شہری محمد ایس کو حماس کا رُکن ہونے اور اسرائیلی اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔جرمن حکام کا کہنا تھا محمد ایس نے گزشتہ برس اکتوبر میں یہودی اور اسرائیلی اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے حماس کے مبینہ رُکن عابد ال جی کے ساتھ مل کر کام کیا تھا۔ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے اسرائیلی وزیر اعظم پر دباؤ ڈالا ہے کہ رفح کراسنگ دوبارہ کھولی جائے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وٹکوف نے حماس کے پاس موجود آخری اسرائیلی یرغمالی کی باقیات کی واپسی سے قبل ہی کراسنگ کھولنے کا مطالبہ کیا۔اسرائیلی فوج نے ایک اہلکار کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جس پر فلسطینی کے اغوا اور اہلخانہ سے تاوان مانگنے کا الزام ہے۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرونی انکوائری جاری ہے۔