پاکستان اور میانمار کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور میانمار کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔
پاکستان اور میانمار کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
قبل ازیں میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی کی دفترخارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ میانمار کے وزیر خارجہ کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اورمیانمار کے دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے، پاکستان اورمیانمار کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میانمار کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستان میانمار کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان میانمار میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے، میانمار کے ساتھ ثقافت،سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر وزیر خارجہ میانمار تھان سوی نے کہا کہ شاندار میزبانی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، پاکستان اور میانمار کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مواقع موجود ہیں۔
تھان سوی نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، زراعت،تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا گیا، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے تیار ہیں، مستقبل میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جارہا ہے، مشکلات اورچیلنجز کے باوجود روابط کو قابل قدر بنائیں گے۔