پنجاب اسمبلی کے 41 ارکان کی رکنیت بحال، 9 ارکان تاحال معطل
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے 41 ارکانِ اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی گئی جبکہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے 9 ارکان کی رکنیت تاحال معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق رکنیت معطل ہونے کے باعث 9 ارکان آج ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پنجاب اسمبلی کے 50 میں سے 41 ارکان نے اپنے گوشوارے جمع کرا دیئے ہیں تاہم اپوزیشن اور حکومتی بنچز سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان نے تاحال گوشوارے جمع نہیں کرائے، گوشوارے جمع نہ کرانے کے باعث ان ارکان کی رکنیت کی معطلی برقرار رکھی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے معطل ارکان کی فہرست سکیورٹی عملے کو فراہم کر دی ہے تاکہ اجلاس کے دوران قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔