پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ فیصلہ آج متوقع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ آج ہوگا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، محسن نقوی وزیراعظم سے ورلڈ کپ پر گفتگو کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ ہوگا۔

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو میں کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پرمبنی ہے، ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی، ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں، کسی میدان میں بھی کامیابی ٹیم ورک سے ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، ورلڈکپ سے متعلق حکومت پاکستان کے فیصلے پر من وعن عمل کریں گے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے، ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈولڈ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں